محکمہ موسمیات کی بارش اور برفباری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم کی تازہ پیشگوئی کی/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم کی تازہ پیشگوئی جاری کر دی، جس کے مطابق بعض علاقوں میں بارش اور برفباری جبکہ بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے، جہاں درجہ حرارت معمول سے کم رہ سکتا ہے۔ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم نارووال، سیالکوٹ اور جہلم میں بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح مری، گلیات اور گردونواح میں بارش کے ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، دیر اور سوات میں بھی چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور آمد و رفت میں مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے، جہاں پہلے ہی شدید سردی کا راج ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے اور بارش کا کوئی خاص امکان نہیں بتایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور ساتویں نمبر پر آ گیا ہے، جو شہریوں کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 184 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو صحت کے لیے مضر سمجھا جاتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں سب سے زیادہ آلودگی ریکارڈ کی گئی، جہاں اے کیو آئی 423 تک پہنچ گیا۔ اسی طرح وحدت روڈ کے علاقے میں 348 جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ میں 324 اے کیو آئی ریکارڈ ہوا۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق لاہور میں موسم خنک ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں اس وقت ہوائیں 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، تاہم آلودگی کے باعث موسم کے اثرات محدود محسوس ہو رہے ہیں۔