راؤ عبدالکریم کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کرنے کا فیصلہ
ڈاکٹر عثمان انور کی چھٹی، راؤ عبدالکریم کو نیا انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب تعینات کر نے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) ڈاکٹر عثمان انور کی چھٹی، راؤ عبدالکریم کو نیا انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب تعینات کر نے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راؤ عبدالکریم کو نیا آئی جی پنجاب پولیس تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ آئی جی پنجاب کے مضبوط امیدوار ہیں جبکہ وسیم سیال کا نام بھی آئی جی پنجاب کے لئے زیر غور آیا۔

پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹر عثمان انور کو سیکرٹری داخلہ تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بسنت کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ وفاقی حکومت نے ڈاکٹر عثمان انور کی خدمات مانگ لیں،ڈاکٹر عثمان انور کی پنجاب سے وفاق میں بطور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) تعیناتی متوقع ہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر عثمان انور کے پاس فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے جبکہ وہ پنجاب میں بطور آئی جی پنجاب گزشتہ تین برس سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ 

راؤ عبدالکریم کے کیریئر پر ایک نظر

راؤعبدالکریم ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ پنجاب تعینات تھے ، راؤ الکریم کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 24 ویں کامن سے ہے، راؤعبدالکریم کا شمار انتہائی تجربہ کار افسران میں ہوتا ہے،راؤعبدالکریم بطور ایڈیشل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پی سی تعینات رہ چکے ہیں۔

راؤعبدالکریم بطور ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، آر پی او گوجرانوالہ بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، راؤعبدالکریم ڈی آئی جی ٹیلی کمیونی کیشن کے عہدے پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں، راؤعبدالکریم بطور ڈی پی او میانوالی ، قصور اور جھنگ میں بھی تعینات رہ چکے ہیں۔