وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ملاقات، اہم مسائل پر گفتگو
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا گیا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر امور کشمیر انجنیئر امیر مقام، وزیر داخلہ محسن نقوی، خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم بھی شریک تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت انسداد دہشتگردی کیلئے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے، وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح کیلئے صوبائی حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داری نبھانی چاہئیے، صوبائی حکومت با اختیار ہے، صحت و تعلیم کیلئے خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے اقدامات کئے جائیں، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے ہمیشہ سے کوشاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا طویل سرکاری چھٹیوں کا اعلان

شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، صوبے کی عوام کی خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے مطابق بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی، قومی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔

انہون نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے وفاقی دائرہ کار کے مطابق تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے، باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل کے ذریعے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم سے بلوچستان واقعہ پر افسوس کا اظہارکیا، شہباز شریف نے احسن اقبال کو ہدایات جاری کر دی، آج ہی مزمل اسلم دوبارہ احسن اقبال سے ملاقات کرینگے، ہم نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی، آج وزیراعظم سے ملاقات میں تمام مسائل پربات ہوئی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے بات نہیں ہوئی، 4 ارب روپے تیراہ کے عوام کی قربانیوں کے سامنے کچھ نہیں، 5300 ارب روپے کی بات آئی ایم ایف نے کی۔

وزیر برائے سیفران و کشمیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم نے سہیل آفریدی کو مدعو کیا، سیاست اپنی جگہ لیکن ہم نے پاکستان اورعوام کی خاطر آگے بڑھنا ہے، آئندہ بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔