آسٹریلیا کا پاکستانی طلبہ کیلئے فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان
Australia Awards Scholarships
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی حکومت نے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کیلئے ایک بڑی تعلیمی پیشکش کرتے ہوئے آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپس 2027 کیلئے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

ان مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کے تحت پاکستانی طلبہ کو آسٹریلیا کی نامور جامعات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا، جہاں تعلیم کے تمام اخراجات حکومتِ آسٹریلیا برداشت کرے گی۔

آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپ پروگرام کا مقصد پاکستان کے مستقبل کے رہنماؤں کو تیار کرنا، اعلیٰ تعلیم کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانا اور پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔

اسکالرشپ کے تحت منتخب امیدواروں کی ٹیوشن فیس، آنے جانے کے ہوائی ٹکٹ، رہائشی اخراجات اور صحت کی سہولیات مکمل طور پر فراہم کی جائیں گی۔

اس پروگرام میں ان افراد کو ترجیح دی جائے گی جو مضبوط تعلیمی پس منظر، قیادت کی صلاحیتوں اور پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنے کے جذبے کے حامل ہوں۔ خواتین، معذور افراد اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو خصوصی طور پر درخواست دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔

ترجیحی شعبے

پاکستانی امیدوار درج ذیل قومی ترجیحی شعبوں میں درخواست دے سکتے ہیں:

ماحولیاتی تبدیلی، خواتین کو بااختیار بنانا، زراعت اور آبی وسائل کا تحفظ، انفراسٹرکچر اور جامع معاشی ترقی، قدرتی آفات سے نمٹنے کا نظام، صحتِ عامہ، توانائی اور ماحولیاتی پالیسی۔

اسکالرشپ کے فوائد

منتخب امیدواروں کو مکمل ٹیوشن فیس، آسٹریلیا آنے جانے کا فضائی ٹکٹ، ابتدائی قیام کیلئے ایک مرتبہ مالی معاونت، ماہانہ وظیفہ، اوورسیز اسٹوڈنٹ ہیلتھ کور اور تحقیقی پروگرامز کیلئے اضافی تعلیمی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اہلیت کا معیار

درخواست دہندہ پاکستانی شہری ہو اور پاکستان میں مقیم ہو، کم از کم 16 سالہ تعلیم مکمل کر چکا ہو، پانچ سالہ متعلقہ پیشہ ورانہ تجربہ رکھتا ہو، عمر 45 سال سے کم ہو، اور ایک جامع ڈویلپمنٹ امپیکٹ پلان جمع کروائے جس میں پاکستان میں واپسی کے بعد خدمات کا واضح خاکہ پیش کیا گیا ہو۔ اسکالرشپ مکمل کرنے کے بعد امیدوار کو کم از کم دو سال پاکستان واپس آنا لازمی ہوگا۔

درخواست دینے کا طریقہ

درخواستیں یکم فروری 2026 سے شروع ہو چکی ہیں جبکہ آخری تاریخ 30 اپریل 2026 دوپہر 2 بجے (AEST) مقرر کی گئی ہے۔ امیدوار آسٹریلیا ایوارڈز کے OASIS آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ نامکمل یا تاخیر سے موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔