عمران خان مکمل ٹھیک، انکی فیملی سیاست کرتی ہے: طلال چودھری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مکمل صحت مند اور بالکل خیریت سے ہیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مکمل صحت مند اور بالکل خیریت سے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چودھری کا کہنا تھا کہ کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل کے قریب ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کا چیک اپ ہوا، عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق سہولیات دی گئی ہیں، ان کے پاس باورچی، خدمت گزار اور ورزش کرنے کے لیے مشین کی سہولت موجود ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ تمام قیدیوں کی صحت اور حقوق کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، ہر چیز کی پریس ریلیز یا پریس کانفرنس ضروری نہیں ہوتی ، ضرورت ہو تو بات کی تصدیق کر دی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سزا یافتہ ہیں ، وہ سابق وزیراعظم ہیں اس کے پیش نظر ان کی سکیورٹی کا بھی خیال کرنا پڑتا ہے ، ہم نہیں چاہتے کہ اڈیالہ جیل کے باہرکوئی ہنگامہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ہفتے کی رات عمران خان کو اڈیالہ جیل سے پمز لایا گیا، عطا تارڑ کی تصدیق

طلال چوہدر ی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی ہر موقع پر سیاست کرتی ہے، ان کو سیاست کے علاوہ اور کسی چیز کی فکر ہی نہیں،عمران خان کی فیملی ملاقات کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بھی تصدیق کی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کو ہفتے کی شب آنکھوں کے ماہرین کی رائے کے بعد پمز ہسپتال لایا گیا تھا جہاں 20 منٹ کے معائنے کے بعد ان کو واپس روانہ کردیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پمز میں بانئ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی آنکھوں کا معائنہ ہوا، دوران طبی معائنہ وہ مکمل صحت مند تھے۔