سندھ کے تعلیمی اداروں میں 4 فروری کو تعطیل کا اعلان
سندھ حکومت نے شب برات کے موقع پر 4 فروری صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) سندھ حکومت نے شب برات کے موقع پر 4 فروری صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

محکمہ سکول ایجوکیشن سندھ نے 4 فروری کو شب برات کے موقع پر تعلیمی اداروں میں تعطیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شب برات کی مناسبت سے سندھ کے تعلیمی اداروں میں4 فروری کو عام تعطیل ہو گی، نوٹیفکیشن کا اطلاق سندھ بھر کے سرکاری و نجی سکولز پر ہو گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے بھی شبِ برات کے موقع پر بروز بدھ 4 فروری کو صوبہ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا ، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری دفاتر، خودمختار اور نیم خودمختار ادارے، سرکاری کارپوریشنز، لوکل کونسلز اور تمام سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی ادارے مذکورہ تاریخ کو بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے اضافے کا امکان

تعطیل کا اطلاق صوبے کے تمام اضلاع پر یکساں طور پر ہوگا تاکہ شہری بلا رکاوٹ مذہبی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں جبکہ محکمہ اوقاف اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مساجد، درگاہوں اور قبرستانوں میں ممکنہ رش کے پیشِ نظر مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ 14 شعبان کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمان عبادات میں مشغول ہوں گے اور مساجد میں صلوۃ تسبیح کی نماز ادا کی جائے گی۔