نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی کیلئے پرواز کارڈ کا اجراء
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہنرمند نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے پرواز کارڈ کا اجراء کر دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہنرمند نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے پرواز کارڈ کا اجراء کر دیا۔

پرواز کارڈ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو 3 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا تاکہ پنجاب کے تربیت یافتہ نوجوانوں اور خاص طور پر بیرون ملک ملازمت کے خواہشمندوں کو باعزت اور بہتر روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔

اس پروگرام کے تحت ویزا، میڈیکل ٹیسٹ، سفر اور ضروری دستاویزات جیسے اخراجات پورے کرنے میں مدد دی جائے گی تاکہ نوجوان قانونی طریقے سے بیرونِ ملک کام کر سکیں اور قرض یا خطرات سے بچ سکیں۔

پرواز کارڈ کے ذریعے اہل درخواست گزاروں کو بلا سود مالی معاونت دی جائے گی تاکہ روانگی سے قبل کے ضروری اخراجات مثلاً ویزا پروسیسنگ، طبی معائنہ، سفر، دستاویزات اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر فیس ادا کی جا سکے، اس سہولت سے روزگار کے متلاشی افراد ابتدائی مالی دباؤ کے بجائے اپنے کیریئر کی ترقی پر توجہ دے سکیں گے۔

اس پروگرام میں شامل ہونے کیلئے ضروری ہے کہ درخواست گزار کی عمر 18 سے 45 سال کے درمیان ہو اور وہ پنجاب کا مستقل رہائشی ہو، مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر رکھتا ہوں یا کسی تسلیم شدہ ادارے سے تربیت مکمل کر چکا ہو۔

درخواست گزاروں کو پی ایس ڈی ایف کے سرکاری پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی، جس میں شناختی کارڈ، تعلیمی اسناد اور اگر موجود ہوں تو ہنر کی تربیت کے ثبوت شامل کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بیرون ملک نوکری کے خواہشمند کی مالی معاونت کا اعلان

پروگرام میں منتخب ہونے والے امیدواروں کو روانگی سے قبل خصوصی تربیت بھی دی جائے گی جس میں سافٹ اسکلز، ورک پلیس ریڈینس، ثقافتی آگاہی اور بین الاقوامی ملازمت کے تقاضوں کے مطابق سرٹیفکیشن شامل ہے۔

پی ایس ڈی ایف پورٹل پر اب درخواست کے مراحل کو آویزاں کر دیا گیا ہے جس سے صارفین آسانی سے اپنی درخواست کی پراسیسنگ دیکھ سکتے ہیں، درخواست گزار یہ بھی جان سکتے ہیں کہ ان کی درخواست زیرِ غور ہے، کسی اصلاح کی ضرورت ہے یا اگلے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جس سے تاخیر اور الجھن میں کمی آئے گی۔

پرواز کارڈ پروگرام کے اجرا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یہ کا کہنا تھا کہ ہنرمند کارکنوں، خصوصاً بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے 3 لاکھ روپے تک کی بلا سود مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نوجوان غیر قانونی ایجنٹوں سے بچ سکیں گے اور انہیں قانونی روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ کری ایٹو ہینڈز، راہِ روزگار اور اسکلز ڈیولپمنٹ پورٹل جیسے نئے پروگرام بھی متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ تکنیکی تعلیم اور روزگار کے باہمی ربط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔