پنجاب حکومت کا شب برات پر عام تعطیل کا اعلان
شبِ برات
پنجاب حکومت نے شبِ برات کے موقع پر (بدھ 4 فروری کو) صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): پنجاب حکومت نے شبِ برات کے موقع پر (بدھ 4 فروری کو) صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری دفاتر، خودمختار اور نیم خودمختار ادارے، سرکاری کارپوریشنز، لوکل کونسلز اور تمام سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی ادارے مذکورہ تاریخ کو بند رہیں گے۔ تعطیل کا اطلاق صوبے کے تمام اضلاع پر یکساں طور پر ہوگا تاکہ شہری بلا رکاوٹ مذہبی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

محکمہ اوقاف اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مساجد، درگاہوں اور قبرستانوں میں ممکنہ رش کے پیشِ نظر مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: آرٹس گروپ کے طلبہ کو بھی پری میڈیکل میں داخلے کی اجازت

ذرائع کے مطابق تعطیل کے اعلان کے بعد شہریوں میں خوشی کی لہر دیکھی جا رہی ہے، کیونکہ اس سے انہیں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ شبِ برات کی مذہبی روایات ادا کرنے کا بھرپور موقع ملے گا۔ شہری اس رات نوافل، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور مرحومین کی قبروں پر حاضری دیتے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل (پبلک ریلیشنز) لاہور کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس نوٹیفکیشن کو قومی اور علاقائی سطح کے بڑے انگریزی اور اردو اخبارات میں شائع کروایا جائے اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اس کی وسیع پیمانے پر تشہیر کو یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام بروقت اس فیصلے سے آگاہ ہو سکیں۔

پنجاب حکومت کے اس اقدام کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ انتظامیہ اس موقع پر سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات بھی کرے گی تاکہ شبِ برات پُرامن اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا سکے۔