اڈیالہ جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کو سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملی تاہم بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی سے تنہا ملاقات کرنے سے معذرت کر لی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر خان نے جیل عملے سے مطالبہ کیا کہ ملاقات میں ایک فیملی ممبر یا وکیل کو شامل کرنے کی اجازت دی جائے تاہم جیل عملے نے ان کی درخواست منظور نہیں کی۔
جیل عملے نے بیرسٹر گوہر خان کو جیل کے داخلی دروازے تک آنے کی اجازت دی جہاں انہوں نے جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر اپنا نام درج کرایا تاہم اہلخانہ یا وکیل کو ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر بیرسٹر گوہر نے جیل کے داخلی دروازے پر کچھ دیر انتظار کیا جس کے بعد وہ واپس روانہ ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: محمود اچکزئی کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا عندیہ
خیال رہے کہ آج بروز منگل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اہلخانہ اور وکلاء کی ملاقات کا دن تھا، بانی کی تینوں بہنیں علیمہ، عظمی اور نورین بھی اڈیالہ پہنچیں جبکہ بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ اور نعیم پنچوتھہ بھی اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھے تاہم جیل حکام کی جانب سے بیرسٹر گوہر کے علاوہ کسی کو بھی ملاقات کی اجازت نہ ملی۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر عمران خان کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا بھی دیا، جیل کے باہر تین گھنٹہ دھرنا دینے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہنیں واپس روانہ ہو گئیں۔