لاہور: رمضان سے قبل 47 ارب روپے کا تاریخی ریلیف پیکج تیار
Ramzan Nigehban Package
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے سے قبل نادار اور مستحق افراد کے لیے تاریخ ساز ریلیف پیکج تیار کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکیج کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جس کے تحت صوبے کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں اور ایک کروڑ سے زائد افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں پنجاب کا کوئی بھی ماں، باپ، مزدور یا سفید پوش خاندان تنہا نہیں ہوگا اور صوبے بھر میں رمضان کی برکتیں ہر گھر تک پہنچائی جائیں گی، اس پیکج کے تحت ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے نادار افراد کو رمضان نگہبان کارڈ فراہم کیے جائیں گے جس کے ذریعے کیش رقم کے ساتھ ساتھ ضروری اشیائے خورونوش بھی خریدی جا سکیں گی، ضلعی انتظامیہ گھر گھر جا کر نگہبان کارڈ تقسیم کرے گی۔

نگہبان کارڈ کے ذریعے بینک آف پنجاب کے برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس سے کیش حاصل کیا جا سکے گا، ون لنک نیٹ ورک کے اے ٹی ایم سے رقم نکلوائی جا سکے گی اور مقررہ دکانداروں سے خریداری ممکن ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان 2026 میں پنجاب کے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی

نگہبان کارڈ کی ایکٹیویشن کے لیے پنجاب بھر میں136 ایکٹیویشن مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ بینک آف پنجاب کے اے ٹی ایم سے بھی کارڈ فعال کیا جا سکے گا۔

رمضان المبارک میں راشن کارڈ ہولڈرز کو ماہانہ 3 ہزار روپے کے بجائے10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، شفافیت کے لیے رمضان نگہبان ڈیش بورڈ قائم کیا گیا ہے اور کارڈ ہولڈرز کی کال کے ذریعے کاؤنٹر چیکنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔

پنجاب کی ہر تحصیل میں رمضان کے دوران 8 نگہبان دسترخوان —مریم کے مہمان قائم کیے جائیں گے جہاں روزانہ 2 ہزار روزہ داروں کے لیے افطاری کا اہتمام ہوگا، افطاری میں کھجور، سموسہ، دودھ، روح افزا، کیلا اور چکن بریانی شامل ہوں گے۔

کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو نگہبان دسترخوان کی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرے گی۔

رمضان المبارک میں 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فعال ہوں گے، 50 مستقل سہولت بازار اور 15 سہولت بازار آن دی گو دستیاب ہوں گے اور مزید 11 اضلاع میں عارضی رمضان سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت: تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا نیا منصوبہ تیار

سہولت بازاروں میں نرخ، صفائی اور سیکیورٹی کی نگرانی کے لیے 1250 کیمروں کے ساتھ صوبائی مانیٹرنگ روم قائم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کوئی بھی مستحق خاندان رمضان میں خود کو تنہا محسوس نہ کرے، دکھ سکھ میں غریب عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے، صاحبِ ثروت افراد اپنے اردگرد موجود مستحق لوگوں کو کھانا کھلائیں، رمضان میں خدمتِ خلق سے دنیا اور آخرت سنورتی ہے اور اللہ کی مخلوق کی خدمت ہر افسر کی ذمہ داری ہے

انہوں نے رمضان المبارک میں عوامی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کا عہد کرنے کی بھی ہدایت کی۔