سرگودھا: خوفناک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 8 زخمی
سرگودھا میں ٹرک کے خوفناک حادثے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
سرگودھا: (سنو نیوز) سرگودھا میں ٹرک کے خوفناک حادثے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق سرگودھا کے میلو وال دھوری روڈ پر بھوسے سے بھرا ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجے میں ٹرک پر سوار 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں و میتوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

ریسکیو کے مطابق حادثے میں زخمی افراد میں محمد سلمان عمر 20 سال، عامر عمر 19 سال، محمد اکبر عمر 18 سال ،محمد نعمان عمر 25 سال ،محمد رمضان عمر 22 سال، تصور عباس عمر 27 سال، عنایت اللہ عمر 27 سال اور محمد نزاکت عمر 21 سال شامل ہیں۔

حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد علی عمر 25 سال، محمد عدیل عمر 22 سال، محمد علی عمر 18 سال اور محمد امجد عمر 20 سالہ کے نام سے ہوئی ہے، جاں بحق افراد کی ڈیڈ باڈیز کو تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس اہلکار کی بسم اللہ پڑھ کر رشوت لینے کی ویڈیو وائرل

ریسکیو ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ٹرک الٹ جانے سے چار افراد کی ہلاکت اور 8 کے زخمی ہونے کا مقدمہ ٹرک ڈرائیور کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، تھانہ میانی کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد حنیف کی مدعیت میں مقدمہ میں ٹرک ڈرائیور رمضان کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمہ کے متن کے مطابق ٹرک ڈرائیور رمضان نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد افراد کو ٹرک کی باڈی پر بھی سوار کر رکھا تھا۔