راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج احمد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، عمران خان کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل ملک جبکہ پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل ملک نے عدالت سے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی سے قانونی مشاورت درکار ہے، ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے پی ٹی آئی وکلاء کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اس مقدمہ میں گرفتار نہیں ہیں، سابق وزیراعظم جیل حکام کی تحویل میں ہیں، ان سے ملاقات سے متعلق اختیارات جیل حکام کے پاس ہیں، یہ معاملہ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ راجہ ناصر عباس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر
پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے جج امجد علی شاہ نے وکلاء کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست خارج کر دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے جی ایچ کیو حملہ کیس کا ٹرائل روکنے کی بھی استدعا کی گئی تھی جو عدالت نے مسترد کر دی تھی۔