محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد رہے گا جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں چترال، مالم جبہ، سوات، دیر، کالام اور بٹگرام میں بارش کی پیشگوئی کی گئی، جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی آ سکتی ہے۔
اسی طرح ایبٹ آباد، کوہستان، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسم شدت اختیار کر سکتا ہے، جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں سورج ڈھلتے ہی دھند کے ڈیرے، موٹروے بند
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، استور، دیامر، شگر اور گانچھے میں برفباری متوقع ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی آج سے 19 جنوری تک بارش اور برفباری کا امکان رہے گا، جبکہ مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، پونچھ اور راولا کوٹ میں بھی برفانی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 20 جنوری سے بارش اور برفباری کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ 21 جنوری سے ملک کے بیشتر حصے ایک طاقتور موسمی نظام کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔