سندھ: شبِ معراج پر تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان
شعب معراج
سندھ حکومت نے مذہبی عقیدت اور عوامی سہولت کے پیشِ نظر شبِ معراج کے موقع پر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے مذہبی عقیدت اور عوامی سہولت کے پیشِ نظر شبِ معراج کے موقع پر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے تمام سرکاری اور نجی سکولز 17 جنوری بروز ہفتہ بند رہیں گے۔ اس حوالے سے محکمۂ تعلیم سندھ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے بعد تعطیل کا اطلاق صوبے بھر میں ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، ادائیگیوں کا نیا نظام متعارف

محکمۂ تعلیم کے مطابق شبِ معراج اسلامی تاریخ کا ایک نہایت اہم اور مقدس موقع ہے، جسے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس رات کو مسلمان حضور اکرم ﷺ کے معجزاتی سفرِ معراج کی یاد میں عبادات، نوافل اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرتے ہیں۔
اسی مذہبی اہمیت کے پیشِ نظر سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی عملے کو اس دن تعلیمی سرگرمیوں سے وقفہ دیا جائے تاکہ وہ مذہبی فرائض کی ادائیگی اور روحانی مصروفیات میں شریک ہو سکیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعطیل سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولز پر لاگو ہو گی، تاہم کالجز اور جامعات کے بارے میں علیحدہ ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔ بعض تعلیمی اداروں نے اپنے طور پر انتظامی فیصلے کرتے ہوئے طلبہ کو آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے، جبکہ کئی نجی اسکولوں نے والدین کو پیغامات کے ذریعے تعطیل سے متعلق مطلع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ شبِ معراج ہر سال اسلامی قمری تقویم کے مطابق منائی جاتی ہے اور پاکستان بھر میں اس موقع پر خصوصی مذہبی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا اور مذہبی اقدار کا احترام یقینی بنانا ہے۔