بنوں: نامعلوم افراد کی فائرنگ، پی ٹی آئی رہنما بیٹے سمیت قتل
پی ٹی آئی رہنما نصیب الرحمان
بنوں کے علاقے پی ٹی آئی یوتھ ونگ صدر تحصیل بکاخیل نصیب الرحمان کو بیٹے اور 2 دوستوں سمیت فائرنگ کر کے قتل کیا گیا/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) بنوں کے علاقے گلبدین لنڈیڈاک میں مسلح افراد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یوتھ ونگ صدر تحصیل بکاخیل نصیب الرحمان کو بیٹے اور 2 دوستوں سمیت فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق قتل ہونے والے تمام افراد ایک ہی گاڑی میں سوار تھے کہ گھات لگائے مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں نصیب الرحمان، ان کے صاحبزادے حامد جبکہ امن کمیٹی کے دیگر اراکین ضیاء اللہ اور فوجی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کی کارکنان کو اڈیالہ کے باہر ختم قرآن میں شرکت کی دعوت

مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقے میں امن کمیٹی نے دہشت گردوں کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت اسلحہ اٹھا رکھا ہے، جس کے باعث علاقے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔

واقعے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں نے سکیورٹی خدشات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں قبل از وقت دہشتگردی قرار نہیں دیا جا سکتا۔