رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث نمائش اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے، نیو ایم اے جناح روڈ پر بھی ٹریفک جام کی صورتحال ہے، نیپا، یونیورسٹی روڈ اور راشد منہاس روڈ پر بھی ٹریفک کا شدید دباؤ ہے اور گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں۔
اسی طرح ناظم آباد سے سائٹ جانے والے روڈ پر گاڑیوں کا رش اور شدید ٹریفک جام ہے جبکہ نمائش پر جلسہ اورریلی کے باعث شہر کی مختلف شاہراؤں پر ٹریفک جام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آج کراچی کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہو گا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی
کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر گرین لائن کا تعمیراتی کام جاری ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے جبکہ لسبیلہ، گرومندر، ناظم آباد آنے اور جانے والے راستوں پر ٹریفک کا دباؤ ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا قافلہ باغ جناح گراؤنڈ میں پہنچ چکا ہے جبکہ راستے میں پی ٹی آئی کارکان کی جانب سے مختلف مقامات پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے جلسہ گاہ روانگی سے قبل اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ صوبائی حکومت جس جلسے کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے یہ جلسہ تو ضرور ہو گا۔
اس کو بھی پڑھیں: سہیل آفریدی اور وزیراعلیٰ سندھ میں طےشدہ ملاقات منسوخ
انہوں نے بتایا تھا کہ ہم بلدیہ ٹاؤن ڈسٹرکٹ کیماڑی، بنارس چوک ڈسٹرکٹ ویسٹ، گولیمار ڈسٹرکٹ سینٹرل اور گرومندر ڈسٹرکٹ سے ہوتے ہوئے مزار قائد پہنچیں گے، تمام کارکنان باغ جناح پہنچیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ہمراہ گاڑی میں سلمان اکرم راجہ اور حلیم عادل شیخ بھی موجود تھے۔