پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت مل گئی
PTI Karachi rally permission
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کراچی میں جلسہ منعقد کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ کی جانب سے باضابطہ اجازت نامہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں متعدد اہم شرائط شامل کی گئی ہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی کو آئینی اور قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے سندھ میں سیاسی سرگرمیاں کرنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم جلسے کے دوران حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد لازمی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اجازت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ جلسے کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جلسے میں کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز تقاریر، نفرت انگیز مواد، فرقہ وارانہ گفتگو یا ریاستی اداروں کیخلاف بیانات کی اجازت نہیں ہوگی، قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں اجازت منسوخ بھی کی جا سکتی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ جلسے کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا بھی منتظمین کی ذمہ داری ہوگی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں:سابق سینیٹر مشتاق احمد نے نئی جماعت کی بنیاد رکھ دی

 

 

اس کے علاوہ پروگرام کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ضلعی انتظامیہ کو جلسے کی اجازت منسوخ کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔

سندھ حکومت کے مطابق یہ فیصلے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے سرگرمیوں کی اجازت ہے، مگر قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔