وانا میں دھماکہ، جے یو آئی کے رہنما زخمی، ہسپتال منتقل
جنوبی وزیرستان
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں ایک زوردار دھماکے نے فضا کو لرزا کر رکھ دیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں ایک زوردار دھماکے نے فضا کو لرزا کر رکھ دیا۔ زوردار دھماکہ میں جمعیت علما اسلام کے اہم رہنما مولانا سلطان زخمی ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ وانا بازار کے نواحی علاقے کونڑا چینہ مدرسہ کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں جمعیت علما اسلام (ف) کے اہم رہنما مولانا سلطان شدید زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیں:محمود اچکزئی پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی پر پھٹ پڑے

ذرائع کے مطابق مولانا سلطان وفاق المدارس العربیہ سے بھی وابستہ ہیں اور وانا کے مذہبی و سماجی حلقوں میں ایک بااثر شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔ دھماکے کے وقت وہ معمول کے مطابق اپنے مدرسے کے قریب موجود تھے کہ اچانک زوردار دھماکہ ہوگیا۔ ابتدائی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل یا سڑک کے کنارے نصب تھا، تاہم پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مولانا سلطان کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان کے جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں، تاہم فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا تاکہ دھماکے کی نوعیت اور استعمال ہونے والے مواد کا تعین کیا جا سکے۔