پاکستانی طلبہ کیلئے چین میں اعلیٰ تعلیم کا سنہری موقع
چین کی تیانجن یونیورسٹی
اسکالرشپ کا مقصد دنیا بھر کے ہونہار طلبہ کو تیانجن یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) چین کی تیانجن یونیورسٹی نے چائنیز گورنمنٹ اسکالرشپ ہائی لیول پوسٹ گریجویٹ پروگرام 2026 (ٹائپ بی) کے تحت ماسٹرز اور پی ایچ ڈی میں داخلے کیلئے اسکالرشپس کا اعلان کر دیا۔ اس اسکالرشپ کا مقصد دنیا بھر کے ہونہار طلبہ کو تیانجن یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اسکالرشپ پروگرام مختلف تعلیمی پس منظر رکھنے والے امیدواروں کیلئے دستیاب ہے، جن میں خاص طور پر انجینئرنگ، سائنسز، مینجمنٹ، ہیومینیٹیز اور سوشل سائنسز کے شعبے شامل ہیں۔ یونیورسٹی کی جانب سے مجموعی طور پر 104 ماسٹرز اور 125 پی ایچ ڈی پروگرامز پیش کیے گئے ہیں، جبکہ 29 ماسٹرز اور 55 پی ایچ ڈی پروگرامز انگلش میڈیم میں بھی دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رانا سکندر حیات کا سہیل آفریدی کو اپنے حلقے میں جلسے کا چیلنج

اسکالرشپ کیلئے درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 18 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ چائنیز گورنمنٹ اسکالرشپ (ٹائپ بی) کے تحت منظور شدہ دورانیے کے دوران مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جس میں ٹیوشن فیس کی مکمل معافی، یونیورسٹی ہاسٹل میں رہائش یا رہائشی الاؤنس، میڈیکل انشورنس اور ماہانہ وظیفہ شامل ہے۔ یونیورسٹی کے مطابق ماسٹرز اور پی ایچ ڈی دونوں کے طلبہ کو 3,500 چینی یوآن ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ تاہم واضح کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی ہوائی جہاز کا ٹکٹ اس اسکالرشپ میں شامل نہیں ہوگا۔

زبان کی شرائط کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جن امیدواروں کی مادری زبان انگریزی نہیں اور سابقہ تعلیم انگریزی میں نہیں رہی، انہیں TOEFL کم از کم 80 یا IELTS Academic کم از کم 6.0 کا سرٹیفکیٹ جمع کروانا ہوگا۔ چینی زبان میں پڑھائے جانے والے پروگرامز کیلئے HSK لیول 5 (کم از کم 180 اسکور) لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اہلیت کیلئے کم از کم جی پی اے 4.0 میں سے 3.2 یا اس کے مساوی ہونا ضروری ہے، جبکہ پی ایچ ڈی امیدوار کیلئے کم از کم ایک Academic Paper شائع ہونا بھی شرط بتائی گئی ہے۔ مزید تفصیلات اور درخواست کے طریقہ کار کیلئے امیدواروں کو ایچ ای سی کی آفیشل ویب سائٹ سے رہنمائی لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔