پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی نے 8 فروری کو ملک بھر میں احتجاج ریکارڈکرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے صوبائی سطح پر احتجاج کی قیادت کا تفصیلی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع مطابق پنجاب میں احتجاج کی قیادت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سنبھالیں گے جبکہ شاہد خٹک خیبرپختونخوا میں احتجاج کے معاملات دیکھیں گے۔
اسی طرح بلوچستان میں پی ٹی آئی کے احتجاج کی قیادت محمود اچکزئی کے پاس ہو گی جبکہ سندھ میں علامہ راجہ ناصر عباس احتجاج کو لیڈ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 8 فروری کو پہیہ جام، شٹرڈاؤن ہڑتال کیلئے تیاریاں جاری، اسد قیصر
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اپنے حالیہ دورہ سندھ کے دوران احتجاج سے متعلق تمام معاملات فائنل کریں گے ، پروگرام کے تحت آٹھ فروری کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ دو روزہ قومی کانفرنس کے دوران تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے اپوزیشن اتحاد نے 8 فروری کو ملک میں احتجاج کی کال دی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا تھا کہ 8 فروری کوعوام سے ووٹ چھینا گیا یہ سب سے بڑا چیلنج ہے، پی ٹی آئی 8 فروری کو یوم سیاہ منائے گی، تاجر برادری سے 8 فروری کو شٹر ڈاؤن کی اپیل کریں گے، دیکھتے ہیں اب حکومت مذاکرات میں کتنی سنجیدہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک تحفظ آئین پاکستان وزیراعظم کی مذاکرات کی آفر پر آمادہ
انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ 1973 کے آئین کی اصل شکل میں بحالی اورعوام کے ووٹ کا حق تسلیم کیا جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 8 فروری کے احتجاج کے حوالے سے کہا تھا کہ 8 فروری کا احتجاج ہر صورت ہو گا، البتہ جو مذاکرات کرنا چاہتے ہیں وہ مذاکرات کرتے رہیں لیکن احتجاج ہر صورت ہو گا۔