6 فروری سے پہلے پتنگ اُڑانے پر سخت کارروائی کا اعلان
Basant Festival Lahore 2026
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کی رنگا رنگ تقریبات تو دھوم دھام سے ہوں گی، تاہم اس سے قبل قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بھی بھرپور اور سخت کارروائی کی جائے گی۔

کمشنر لاہور مریم خان نے واضح اور دبنگ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 فروری 2026 سے پہلے شہر میں پتنگ اُڑانے کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی، جو بھی اس حکم کی خلاف ورزی کرے گا اسے بلا امتیاز گرفتار کیا جائے گا۔

کمشنر مریم خان کی زیر صدارت لاہور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محفوظ بسنت کے انعقاد، تاریخوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف فوری کریک ڈاؤن سے متعلق تفصیلی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں انتظامیہ، پولیس، ٹریفک اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر لاہور نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بسنت ضرور منائی جائے گی لیکن صرف مقررہ تاریخوں اور قواعد و ضوابط کے تحت، 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو تین روزہ محفوظ بسنت منائی جائے گی، شہر بھر میں پتنگ اور پتنگ اُڑانے والی ڈور کی فروخت کی اجازت صرف یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک ہوگی۔

مریم خان نے کہا کہ محفوظ بسنت کو یقینی بنانے کیلئے 100 کیمپس قائم کیے جائیں گے، جہاں سے 10 لاکھ سیفٹی راڈز موٹر سائیکل سواروں میں تقسیم کی جائیں گی۔ ان کیمپس پر موجود اہلکار خود شہریوں کی موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز نصب کریں گے تاکہ کسی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:شدید دھند کے باعث ملک بھر میں متعدد موٹرویز بند

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ٹریفک انتظامیہ کی جانب سے محفوظ بسنت کے دوران 23 روٹس پر فری رائیڈ کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

کمشنر لاہور نے سختی سے ہدایت کی کہ تین روزہ بسنت کے دوران سیفٹی راڈز کے بغیر کوئی بھی موٹر سائیکل سڑک پر نہیں آئے گی۔

کمشنر مریم خان نے خبردار کیا کہ مقررہ تاریخوں سے پہلے پتنگ اُڑانے، پتنگ یا ڈور فروخت کرنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن ہوگا اور قانون توڑنے والے تمام افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔