حدِ نگاہ کم ہونے کے سبب متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں جبکہ موٹرویز کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 1 پشاور سے رشکئی تک مکمل طور پر بند ہے، جبکہ موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ تک اور موٹروے ایم 5 روہڑی سے شیر شاہ تک بھی شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک جبکہ موٹروے ایم 14 کوٹ بیلیاں سے عیسیٰ خیل تک بھی دھند کی شدت کے باعث ٹریفک کیلئے بند ہیں، حدِ نگاہ بعض مقامات پر چند میٹر تک محدود ہو چکی ہے جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شادی کی تقریب کے دوران چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دھند کی وجہ سے اندرونِ ملک آنے اور جانے والی کئی پروازیں متاثر ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں مسافروں کو انتظار اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کے اوقات کی تصدیق ضرور کریں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دورانِ سفر فوگ لائٹس کے استعمال اور مناسب فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک دھند کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث عوام کو مزید احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔