سرکاری نرسنگ کالجوں میں مفت تعلیم ختم
Punjab nursing colleges fees
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے سرکاری نرسنگ کالجوں میں مفت تعلیم ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا، محکمہ صحت پنجاب نے نرسنگ تعلیم کی نئی پالیسی جاری کر دی۔

نئی پالیسی کے تحت نرسنگ میں داخلہ لینے والی طالبات کو اب ہزاروں روپے فیس ادا کرنا ہوگی، جبکہ ماہانہ وظیفہ بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ہاسٹل کی سہولت استعمال کرنے والی طالبات کو ہاسٹل کے واجبات بھی ادا کرنے ہوں گے۔

نئی پالیسی کے مطابق نرسنگ میں داخلے کیلئے انٹرمیڈیٹ میں کم از کم 50 فیصد نمبر ضروری ہوں گے، اس کے علاوہ صرف پنجاب کے ڈومیسائل رکھنے والی طالبات نرسنگ کالجوں میں داخلے کی اہل ہوں گی۔ شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال کے نرسنگ کالج میں صرف مرد طلبا داخل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:نگران دور میں بھرتی 645 ملازمین کو فارغ کرنیکا حکم

پنجاب بھر کے سرکاری نرسنگ کالجوں میں مجموعی طور پر مارننگ شفٹ میں 3100 اور ایوننگ شفٹ میں 3000 سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔ ٹیچنگ اسپتالوں سے منسلک نرسنگ کالجوں میں دونوں شفٹوں کیلئے 100، 100 سیٹیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ ڈسٹرکٹ اسپتالوں سے منسلک کالجوں میں ہر شفٹ کے لیے 50، 50 سیٹیں فراہم کی گئی ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کا مقصد نرسنگ تعلیم میں معیار کو بہتر بنانا اور طلباء کی مالی اور انتظامی ذمہ داریوں کو واضح کرنا ہے۔