کراچی: سال نو پر سی ویو جانیوالوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری
ٹریفک پولیس کراچی نے سال نو کا جشن منانے کے لیے سی ویو جانے والے افراد کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) ٹریفک پولیس کراچی نے سال نو کا جشن منانے کے لیے سی ویو جانے والے افراد کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی۔

ترجمان کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق سال نو کے موقع پرسی ویو جانے والے افراد کیلئے ٹریفک کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، سال نو پر سی ویو روڈ ون وے، میکڈونلڈ سے کلاک ٹاور تک ٹریفک محدود رہے گی، کلاک ٹاور سے واپس میکڈونلڈ کی جانب کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ٹریفک پولیس ترجمان نے بتایا کہ تمام ٹریفک خیابان اتحاد روڈ یا دو دریا کے راستے واپس جا سکے گی، ہیوی گاڑیاں رات 2 بجے کے بعد شہر میں داخل ہوں گی، ٹوٹے یا بغیر سائلنسر والی گاڑیوں اور لاپرواہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سی ویو اور کلفٹن میں نئے سال کی آمد پر شہری متبادل راستے اختیار کریں۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ سالِ نو کے موقع پر تمام زونز اور اضلاع میں کنٹرول رومز اور ہیلپ لائنز بالخصوص متحرک رہیں گے تاکہ شہریوں کو بروقت اور فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

علاوہ ازیں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سال نو پر ہوائی فائرنگ سے متعلق اہم پیغام میں کہا کہ سالِ نو کے موقع پر شہریوں سے قانون کی مکمل پاسداری کی اپیل ہے، ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی اور ون ویلنگ سے سختی سے اجتناب کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے سال کی تقریبات کے تمام ایونٹس کی فہرست سامنے آگئی

ان کا کہنا تھا کہ سالِ نو کی خوشیوں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے لہٰذا شہری ذمہ دارانہ اور محتاط رویہ اختیار کریں، کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ سالِ نو کے موقع پر حساس مقامات، تفریحی مراکز، ہوٹلز، پارکس اور عبادت گاہوں پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کو شاہراہوں، بازاروں اور دیگر اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔

انسپکٹر جنرل سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔