ریسکیو 1122 کے مطابق افسوسناک واقعہ جھنگ میں فیصل آباد روڈ کلی فقیر کے قریب پیش آیا جہاں ویٹرنری یونیورسٹی کی بس اور ہائی ایس وین آپس میں ٹکرا گئیں، خوفناک حادثے کے نتیجے میں 9 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں دوران مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے اور جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی۔
آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے واقعہ کا نوٹس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جھنگ کیپٹن(ر) بلال افتخار کیانی سے رپورٹ طلب کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد، ٹیکسٹائل مل میں تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ سامنے آگیا
ترجمان آر پی او فیصل آباد کے مطابق ویٹرنری یونیورسٹی کی بس اور ہائی ایس کے درمیان ڈرائیورز کی غفلت کے باعث خوفناک تصادم ہوا، فیصل آباد سے جھنگ آنے والی ہائی ایس وین مخالف سمت سے آنے والی یونیورسٹی کی بس سے جا ٹکرائی۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈی پی او جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی اور ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر موقع پر پہنچ گئے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو جھنگ منتقل کر دیا گیا۔
آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔