آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیو ایئر نائٹ پر صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کا حکم،جوانوں کو ہائی الرٹ رہنے اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کر دی۔
ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ سالِ نو پر 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہو ں گے، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی، خواتین اور شہریوں کو تنگ کرنے والے شرپسند عناصر حوالات جائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے نیوز ایئر نائٹ پر ٹریفک کے مربوط انتظامات بھی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: نئے سال پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع
دوسری جانب پشاور پولیس نے بھی نیو ایئر نائٹ پر منچلوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کا پلان تیار کر لیا، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے اس حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔
ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان کا کہنا تھا کہ نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور لاپرواہ ڈرائیونگ والے جیل جائیں گے، ہوائی فائرنگ اور بے احتیاطی سے ڈرائیونگ سے لوگوں کی جان جاسکتی ہے، جگہ جگہ پر ناکے لگائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیو ایئر نائٹ پر ہسپتالوں میں لوگوں کی تیمار داری کریں، ایسا کام کریں جس سے معاشرے کو فائدہ ہو۔