باجوڑ: سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 خوارج ہلاک، میجر شہید
باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 5 بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج ہلاک ہو گئے جبکہ پاک فوج کے میجر نے جام شہادت نوش کیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 5 بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج ہلاک ہو گئے جبکہ پاک فوج کے میجر نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں انڈین پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 خوارج جہنم واصل ہو گئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر عدیل زمان نے جام شہادت نوش کیا، شہید میجر عدیل زمان دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا کہ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن "عزم استحکام" کے تحت انسداد دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کیا، صدر مملکت اور وزیراعظم نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک

صدر مملکت اور وزیراعظم نے شہید میجر عدیل زمان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کیا اور صبرِ جمیل اور شہید کے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت قابلِ تحسین ہے،میجر عدیل زمان کی جرأت اور وطن کے لیے عظیم قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن عزم واستحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ، ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کریں گے۔