حج 2026:عازمین کی لازمی تربیت جنوری سے شروع ہوگی
حج 2026
خوش نصیب عازمین کی تربیت کا سلسلہ آئندہ ماہ جنوری سے ملک بھر کے تمام اضلاع میں شروع کیا جائے گا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): حج 2026 کیلئے جانے والے خوش نصیب عازمین کی تربیت کا سلسلہ آئندہ ماہ جنوری سے ملک بھر کے تمام اضلاع میں شروع کیا جائے گا۔ حج ٹریننگ تمام عازمین کے لئے لازمی قرار دی گئی۔

تربیتی پروگرام کے دوران مناسکِ حج کی ادائیگی، دعائیں، احرام کی پابندیاں اور دیگر ضروری امور سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ ممتاز علما کرام حج اور دیگر دینی مسائل کے بارے میں عازمین کی رہنمائی کریں گے، جبکہ ویڈیو اور تھری ڈی ویڈیوز کے ذریعے مناسکِ حج کی عملی وضاحت کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مسجدِ نبوی ﷺ کے مؤذن کی بسترِ مرگ پر رقت آمیز آخری اذان وائرل

اس کے علاوہ رہائش گاہوں اور ہوٹلز سے متعلق بھی عازمین کو آگاہ کیا جائے گا۔ تمام عازمینِ حج کے لیے وبائی امراض، خصوصاً گردن توڑ بخار سے بچاؤ کی ویکسین اور پولیو کے قطرے لازمی ہوں گے۔

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین کی رہنمائی کے لئے معاونین تعینات کئے جائیں گے، جن کی تقرری میرٹ پر کی جائے گی، رواں سال پاکستان سے کم و بیش ایک لاکھ 80 ہزار خوش نصیب فر یضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

سرکاری سکیم کے تحت لانگ اور شارٹ پیکیجز متعارف کرائے گئے ہیں، لانگ پیکیج کے تحت قیام کی مدت 40 جبکہ شارٹ پیکیج کے تحت 20 سے 22 دن ہوگی۔