لیسکو کے مطابق اس اقدام کا مقصد بلنگ کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق موثر اور شفاف بنانا ہے۔
اس سلسلے میں لیسکو کے شعبہ میٹریل مینجمنٹ نے ایم ٹو ایم سمز (M2M SIMs) کی خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ سمز صارفین کے میٹرز کو کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کرنے میں معاون ہوں گی، جس سے میٹر ریڈنگ کی معلومات براہِ راست آن لائن حاصل کی جا سکیں گی۔
اس جدید نظام کے تحت بلنگ کا عمل نہ صرف تیز بلکہ زیادہ شفاف بھی ہو جائے گا اور انسانی غلطیوں کے امکانات کم ہوں گے۔
نئے سسٹم میں عدم ادائیگی کرنے والے صارفین کے کنکشن کو منقطع کرنے کا خودکار نظام موجود ہوگا، جبکہ بل کی ادائیگی کے بعد متعلقہ ایس ڈی او (Sub Divisional Officer) کو آن لائن بجلی بحال کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ اس سے صارفین کو فوری اور آسان سروس ملے گی اور بجلی کی فراہمی میں رکاوٹیں کم ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں بانی ایم کیو ایم ملوث ہیں، مصطفی کمال
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن بلنگ نظام کے نفاذ سے نہ صرف صارفین کیلئے سہولت بڑھے گی بلکہ کمپنی کو بھی میٹر ریڈنگ اور بلنگ کے عمل میں کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔
نظام کے مکمل نفاذ کے بعد صارفین آن لائن بلز دیکھ سکیں گے اور موبائل یا ویب پورٹل کے ذریعے آسانی سے ادائیگی کر سکیں گے۔