سندھ بھر میں آج عام تعطیل کا اعلان
سندھ حکومت
سندھ حکومت نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کی برسی کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
کراچی (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کی برسی کے موقع پر آج ( 27 دسمبر کو) صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔ سندھ لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تعطیل محترمہ بے نظیر بھٹو کی 27 دسمبر 2007 کو ہونے والی شہادت کی یاد میں منائی جا رہی ہے، تاکہ عوام اور بالخصوص پارٹی کارکنان اس دن کو عقیدت و احترام کے ساتھ منا سکیں۔

ہر سال کی طرح اس بار بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ کے مختلف شہروں میں تعزیتی ریفرنسز، قرآن خوانی اور دیگر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں پارٹی رہنما، کارکنان اور عوام بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا اساتذہ کو کارکردگی الاؤنس دینے کا فیصلہ

سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر، نوابشاہ اور دیگر شہروں میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے بھی آج ( 27 دسمبر کو) آزاد کشمیر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو ایک عظیم جمہوری رہنما تھیں جنہوں نے آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں سختیاں برداشت کیں، مگر کبھی بھی ملک یا ریاست کے خلاف بات نہیں کی۔

فیصل راٹھور نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان تھی۔ ان کے مطابق محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ عوام کے حقوق، آئین کی بالادستی اور وفاق کی مضبوطی کے لیے آواز بلند کی۔

واضح رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی ہر سال 27 دسمبر کو منائی جاتی ہے، جس پر ملک بھر خصوصاً سندھ میں عام تعطیل دی جاتی ہے، جبکہ مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔