متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان جمعہ کے روز پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے جو دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یو اے ای کے صدر نور خان ایئربیس پر اترے جہاں وزیرِاعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، سینئر وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر ان کے طیارے کو پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے سلامی دی جو احترام اور دوستی کی علامت ہے۔
بعد ازاں ایک شاندار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور پاکستان مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس موقع پر فوجی اور روایتی بینڈز نے پرفارم کیا جبکہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پاکستان اور یو اے ای کے جھنڈے لہرا کر تقریب کو رنگین بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا اساتذہ کو کارکردگی الاؤنس دینے کا فیصلہ
صدر محمد بن زاید کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جس میں سینئر مشیران، شاہی خاندان کے اراکین، وفاقی وزرا اور پاکستان میں یو اے ای کے سفیر سالم محمد الزعبی شامل ہیں۔
دفترِ خارجہ کے مطابق یہ شیخ محمد بن زاید کا بطور صدر یو اے ای پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، تاہم وہ اس سال کے آغاز میں ایک نجی دورے پر پاکستان آ چکے تھے، اس دورے کے دوران وہ وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی استحکام میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
دورے کے پیشِ نظر اسلام آباد انتظامیہ نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ، ضلعی عدالتیں، سینیٹ اور قومی اسمبلی بند رہیں گی، تاہم، بینکوں، سی ڈی اے، پولیس، آئیسکو اور سوئی ناردرن گیس سمیت ضروری خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔