محکمہ تعلیم کے مطابق یہ کارکردگی الاؤنس پرائمری، ایلمینٹری، ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے اساتذہ کو دیا جائے گا۔ الاؤنس کی رقم اساتذہ کی تعلیمی کارکردگی، طلبہ کے نتائج، حاضری اور مجموعی تدریسی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کی جائے گی۔ حکومتی پالیسی کے تحت پرائمری سکولوں کے اساتذہ کو اچھی کارکردگی پر 5 ہزار روپے ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا، جبکہ ایلمینٹری سکولوں کے اساتذہ کو 7 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔
اسی طرح ہائی سکولوں کے اساتذہ کو 10 ہزار روپے اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے اساتذہ کو 12 ہزار 500 روپے تک کارکردگی الاؤنس ملے گا۔ بعض کیٹیگریز میں یہ رقم کارکردگی کے معیار کے مطابق 15 ہزار 500 روپے تک بھی جا سکتی ہے۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد اساتذہ میں مقابلے کا مثبت رجحان پیدا کرنا اور تدریسی ذمہ داریوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لائیو پروگرام میں احسن اقبال کو دھمکی، پروگرام بند کروا دیا
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اساتذہ کسی بھی تعلیمی نظام کی بنیاد ہوتے ہیں، اور اگر ان کی محنت کو سراہا جائے تو اس کے اثرات براہِ راست طلبہ کی کارکردگی پر پڑتے ہیں۔ کارکردگی الاؤنس سے اساتذہ مزید دلجمعی کے ساتھ تدریسی فرائض انجام دیں گے، جس سے نہ صرف نصابی اہداف حاصل ہوں گے بلکہ تعلیمی ماحول بھی بہتر ہوگا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اس الاؤنس کے نفاذ سے سرکاری اسکولوں کے نتائج میں بہتری کی توقع ہے اور والدین کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور مستقبل میں اساتذہ اور طلبہ دونوں کے لیے مزید سہولیات متعارف کروائی جائیں گی۔ یہ فیصلہ پنجاب میں تعلیمی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔