زلزلے کے جھٹکے، شہر لرز اٹھا
Quetta earthquake tremors
فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زلزلے کے اچانک اور خوفناک جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلے کے جھٹکے اتنے واضح تھے کہ کئی علاقوں میں عمارتیں لرز اٹھیں اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 2.4 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے تقریباً 38 کلو میٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔ کم شدت کے باوجود زلزلے کے جھٹکے شہر کے مختلف حصوں میں واضح طور پر محسوس کیے گئے جس نے عوام کو خوفزدہ کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے چند سیکنڈ تک جاری رہے، تاہم اس مختصر دورانیے میں ہی لوگوں میں شدید بے چینی پھیل گئی۔ کئی علاقوں میں لوگ فوری طور پر گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے جبکہ بعض شہریوں نے کھلے مقامات کا رخ کیا۔

سوشل میڈیا پر بھی شہریوں کی جانب سے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کی اطلاعات شیئر کی جاتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈور پھرنے کے واقعات، دو نوجوان زخمی

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے مطابق فی الحال زلزلے کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ شہریوں کو افواہوں پر کان نہ دھرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان ایک زلزلہ خیز خطہ ہے جہاں معمولی نوعیت کے زلزلے وقتاً فوقتاً آتے رہتے ہیں، تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات کا انتخاب کریں اور زلزلے کے دوران کھڑکیوں، کمزور دیواروں اور بھاری اشیاء سے دور رہیں۔