سم کی رجسٹریشن اپنے نام پر لازمی قرار
PTA SIM registration rules
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تمام ٹیلی کام صارفین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی سمز اور ٹیلی کمیونیکیشن کنکشنز کا ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنائیں۔

پی ٹی اے کے مطابق تمام سمز کی رجسٹریشن لازمی طور پر صارف کے اپنے نام پر ہونا چاہیے، کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

پی ٹی اے نے واضح کیا کہ سم کے کسی بھی غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری متعلقہ رجسٹرڈ صارف پر عائد ہوگی، صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی سم یا ڈیوائس کے ذریعے کی جانے والی تمام کالز، میسجز اور ڈیٹا کے استعمال کیلئے خود ذمہ دار ہوں گے۔

اتھارٹی نے کہا کہ صارفین پر لازم ہے کہ وہ تمام متعلقہ قواعد و ضوابط کی پابندی کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں ضروری کارروائی کی جا سکتی ہے۔

پی ٹی اے نے مزید کہا کہ یہ اقدامات ٹیلی کمیونیکیشن نظام کے تحفظ، استحکام اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:چینی کی نئی سرکاری قیمتوں کا اعلان، نئی قیمت کیا؟

ذمہ دارانہ استعمال کے ذریعے صارفین نہ صرف اپنے لیے بلکہ قومی سطح پر ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک کی سلامتی اور شفافیت کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ صارفین کو محتاط رہنے اور رجسٹریشن سمیت تمام قواعد پر عمل درآمد کرنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا غلط استعمال سے بچا جا سکے۔

صارفین اپنی سمز اور ڈیوائسز کی نگرانی کریں اور کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں، تاکہ ٹیلی کمیونیکیشن کا نظام محفوظ اور مستحکم رہے۔