مرحوم سنگین عارضہ قلب کے باعث پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیرِ علاج تھے،جہاں انہوں نے اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیں۔
ڈاکٹر عبدالحلیم خان ایک مخلص، پیشہ ور اور شفیق شخصیت کے حامل تھے، جنہیں ساتھیوں اور مریضوں میں انتہائی احترام حاصل تھا۔ وہ قانون ساز اسمبلی کے رکن عبدالماجد خان کے بڑے بھائی اور عبدالمتین خان (یو کے) کے بھائی بھی تھے۔ مرحوم جناح ڈینٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بھی تھے اور فروری میں ان کی ریٹائرمنٹ متوقع تھی۔
مرحوم کی نماز جنازہ آج دوپہر 2 بجے عیدگاہ مسجد مظفرآباد میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں مظفرآباد کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ان کے انتقال سے اہل خانہ، دوست احباب اور ساتھیوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور، مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی چوہدری محمد یاسین نے ڈاکٹر عبدالحلیم خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے
اس کے علاوہ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان اور سینئر سپریم کورٹ جج جسٹس رضا علی خان نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں مرحوم کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عبدالحلیم خان کا شمار نہ صرف ایک ماہر ڈینٹل سرجن بلکہ ایک نہایت شفیق، ملنسار اور منکسر المزاج انسان کے طور پر بھی کیا جاتا تھا، ان کی خدمات اور شخصیت کی یادگار لمبی عرصے تک اہل علم اور عوام کے دلوں میں زندہ رہے گی۔