پاکستان نے افغان طالبان رجیم کو ڈیمارش جاری کردیا
پاکستان نے افغان طالبان رجیم کو ڈیمارش جاری کردیا
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان نے افغان طالبان رجیم کو ڈیمارش جاری کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان طالبان رجیم کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی دفتر خارجہ طلبی ہوئی، پاکستان نے اپنی سرزمین پر افغانستان سے ہونے والے دہشت گرد حملے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا، پاکستان کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کے گل بہادر گروپ کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ خارجی گل بہادر گروپ نے شمالی وزیرستان میں ملٹری کیمپ پر حملہ کیا، خارجی گل بہادر گروپ کی کارروائی میں 4 پاکستانی سپاہی شہید ہوئے، افغان طالبان رجیم کی جانب سے فتنہ الخوارج کی مسلسل حمایت اور سہولت کاری پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق افغان طالبان رجیم کی سہولت کاری اور حمایت سے فتنہ الخوارج/ٹی ٹی پی پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہی ہے، فتنہ الخوارج اور ٹی ٹی پی طالبان رجیم کی مدد سے پاک افغان سرحدی علاقوں میں پاکستانی ملٹری اور شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: ایمان مزاری کیس کی سماعت میں شرکت پر نارویجن سفیر کو ڈیمارش

ترجمان دفتر خارجہ نے کہ ٹی ٹی پی کے لئے سازگار ماحول افغانستان کے بین الاقوامی وعدوں اور پاکستان کے ساتھ کیے عہد کے منافی ہے ، افغانستان نے اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک، بشمول پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کا عہد کر رکھا ہے۔

پاکستان نے افغان سرزمین دہشت گرد حملوں کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کے خلاف مکمل تحقیقات اور فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین سے سرگرم تمام دہشت گرد گروہوں، بشمول ان کی قیادت، کے خلاف فوری، ٹھوس اقدامات کرے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان رجیم پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال کو روکے، افغان طالبان رجیم کو واضح آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کا حق محفوظ رکھتا ہے، پاکستان افغان سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی کے جواب میں تمام ضروری اقدامات کرے گا۔