قائمہ کمیٹی اجلاس: علیم خان اور پلوشہ خان کے درمیان تلخ کلامی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مواصلات اور پی پی رہنما پلوشہ خان کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مواصلات اور پی پی رہنما پلوشہ خان کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ سینیٹ میں مجھ پر ہاؤسنگ سوسائٹی کو فائدہ پہنچانے کا الزام لگایا گیا ، میں اس سوال کو اپنی ذاتی تذلیل سمجھتا ہوں۔

سینیٹر پلوشہ خان نے جواب دیا کہ سوال کرنا الزام لگانا نہیں ہوتا ، آپ اس سوال کواتنا ذاتی نوعیت کا کیوں سمجھ رہے ہیں؟

عبدالعلیم خان نے کہا شٹ اپ جس پر پلوشہ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا یو شٹ اپ، دونوں جانب سے ایک دوسرے پر ذاتی نوعیت کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔

پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ تم ہو کون اس طرح کی بات کرنے والے جس پر عبد العلیم خان نے کہا کہ آپ عزت کریں گے تو ہم آپ کی عزت ہم کریں گے، آپ لوگ ذات پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ دنیا جہاں کے بےایمان یہاں اکٹھے ہوگئے ہیں، جس پر پلوشہ خان نے کہا کہ آپ سوال کرنے پر سیخ پا ہیں کیوں کہ آپ گلٹی ہیں،عبدالعلیم خان نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ میں تمہارے کرتوت سب کے سامنے رکھوں، مجھ سے ایسے بات کرنے کی تمہاری جرات کیسی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی نے بھی عمران خان کے حق میں آواز اٹھا دی

سینیٹر پلوشہ خان نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیرکے رویے پر کمیٹی رولنگ دے، وفاقی وزیرکے موجودہ رویہ پر سخت ایکشن لیا جائے ، وفاقی وزیر اگر میری ذات پربات کرنا چاہتے ہیں تو کریں۔

بعدازاں سیکرٹری مواصلات سینیٹر پلوشہ خان کو منانے کی کوشش کرتے رہے، سیکرٹری مواصلات اپنی نشست سے اٹھ کر سینیٹر پلوشہ خان کو منانے آئے جبکہ دیگرکمیٹی ممبران نے سینیٹر پلوشہ خان کو خاموش کرا کے اجلاس کو آگے بڑھانے کی کوشش کی۔