مری میں دیگر سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت خواتین اور قانون کا احترام کرے، مری سمیت پورے ملک میں لاقانونیت عروج پر ہے، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے کو پولیس سٹیٹ نہیں بننے دیں گے،پولیس نے مری میں چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا، عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، بانی پی ٹی آئی عمران خان سابق وزیر اعظم بھی ہیں،جیل ملاقاتیں ان کا قانونی حق ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت خود کو عوام کا خادم نہیں حکمران سمجھتی ہے، ہمارے دور میں ایک بھی غیر قانونی تعمیر نہیں ہوئی، ہم نے کسی پر کبھی جھوٹا مقدمہ درج نہیں کروایا، اگر حکومت ہی قانون توڑے گی تو عوام کہاں جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور نے پارٹی چھوڑنے کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی
سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ آج عدالتوں میں عوام کی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی عمران خان سے جیل ملاقاتوں پر پابندے کے معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایک جمہوری ملک میں قیدی کے اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت نہ ملنا افسوسناک ہے، میرا تو سوال یہ بھی ہے عمران خان گرفتار کیوں ہیں؟ میں سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری اور ملاقاتیں نہ ہونے کے حق میں نہیں ہوں۔