صدر مملکت نے جج طارق محمود جہانگیری کو پرڈی نوٹیفائی کر دیا
صدرِ مملکت آصف علی زرداری
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کو عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دی/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کو ان کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دے دی۔

ایوانِ صدر سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت نے وزیرِاعظم پاکستان کے مشورے پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دی۔ اس اقدام کی بنیاد اسلام آباد ہائیکورٹ کا وہ فیصلہ بنا، جس میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری تقرری کے وقت درست اور قانونی طور پر تسلیم شدہ ایل ایل بی ڈگری کے اہل نہیں تھے، لہٰذا ان کی بطور جج تقرری غیر قانونی قرار پاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس طارق محمود جہانگیری جج کے عہدے کے لیے نااہل قرار

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ کسی بھی شخص کی بطور جج تقرری کے لیے اس کا قانونی تعلیمی معیار پر پورا اترنا ناگزیر ہے، اور اگر تقرری کے وقت بنیادی اہلیت ہی مشکوک ہو تو ایسی تقرری آئین اور قانون کے منافی تصور کی جاتی ہے۔ عدالت نے اسی بنیاد پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کو فوری طور پر عہدہ خالی کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈگری کیس کا تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جج کے عہدے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔ عدالت کے مطابق ان کی پیش کردہ تعلیمی اسناد مقررہ قانونی تقاضوں پر پوری نہیں اترتیں، جس کے باعث ان کی تقرری برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔