راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دینے پر عمران خان کی بہنوں سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ 35 نامزد سمیت 400 ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ، مقدمہ میں انسداد دہشتگری ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان ، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی، قاسم خان ، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ اور عالیہ حمزہ کو نامزد کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ ، تابش فاروق ، طیبہ راجا ، نادیہ خٹک ، ہارون ، راجا اسد عباس، ظفر گوندل اور شفقت عباس بھی نامزد ملزمان میں شامل ہیں، مقدمہ میں پولیس پر پٹرول بموں سے حملوں، تشدد اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام عائد عائد کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور نے پارٹی چھوڑنے کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی
پولیس نے 14 ملزمان کو موقع سے گرفتار کر کے راولپنڈی کی انسداد دہشتگری عدالت میں پیش کر دیا۔
مقدمہ کے متن میں بتایا گیا کہ ملزمان نے حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف نعرے لگائے، سڑک بلاک کی، ملزمان کارکنان کو اشتعال دلاتے رہے، ملزمان کے احتجاج سے مقامی آبادی کو پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
مقدمے میں مزید بتایا گیا کہ پولیس کی جانب سے روکنے کے باوجود ملزمان کار سرکار میں مداخلت کرتے رہے، ملزمان نے پولیس پر پتھراؤ کیا، کانچ کی بوتلیں پھینکیں اور پولیس سے مزاحمت کے دوران اہلکاروں کی وردیاں بھی پھٹ گئیں۔