20 کلو سونے کا فراڈ، ملزم نے اپنی سوتیلی ماں کو بھی نہ بخشا
لاہور کے علاقہ اچھرہ میں 20 کلو سونا لے کر رفوچکر ہونے والے ملزم شیخ وسیم نے اپنی سوتیلی ماں کو بھی نہ بخشا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) لاہور کے علاقہ اچھرہ میں 20 کلو سونا لے کر رفوچکر ہونے والے ملزم شیخ وسیم نے اپنی سوتیلی ماں کو بھی نہ بخشا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شیخ وسیم اپنی سوتیلی ماں کا بھی ساڑھے 7 کروڑ کا سونا لے کر فرار ہوا تاہم سوتیلی ماں نے تاحال پولیس کو مقدمہ کے اندراج کی درخواست نہیں دی۔

اچھرہ پولیس کے مطابق ملزم شیخ وسیم کے بیرون ملک فرار ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی تاہم ملزم کے بیوی بچے فراڈ منظرعام پر آنے سے پہلے ہی بیرون ملک جا چکے ہیں، ملزم شیخ وسیم پہلے بھی کئی ممالک کا سفر کر چکا ہے۔

مارکیٹ سیکرٹری عثمان بھٹی نے میڈیا کو بتایا کہ 40 دکانداروں نے ملزم کے خلاف درخواست دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 20 کلو سونے کے غبن کا معاملہ، تھانہ اچھرہ میں مقدمہ درج

پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک شیخ وسیم کے خلاف دو مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، چار دکانداروں کی درخواست پر حقائق کی تصدیق کر لی ہے جبکہ مزید دکانداروں کی درخواست پر مقدمہ کے اندراج کے لئے تصدیق کا عمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے علاقہ اچھرہ کی لطیف جیولرز مارکیٹ سے مبینہ طور پر 20 کلو سے زائد سونا غائب ہوا تھا، متعدد جیولرز نے سونا شیخ وسیم اختر کے پاس بطور امانت رکھا تھا۔

متاثرہ تاجروں نے دعویٰ کیا کہ شیخ وسیم اختر کئی روز سے دکان پر نہ آئے تو تاجروں نے تالے توڑ کر لاکر چیک کیا، لاکر کھولا گیا تو 20 کلو سے زائد سونا غائب تھا،غائب شدہ سونے کی مالیت تقریباً ایک ارب روپے کے قریب تھی۔