کورنگی نمبر 03 میں کبڈی گراؤنڈ کے قریب ایک افسوس ناک واقعے میں 70 سالہ بزرگ شہری کھلے نالے میں گر کر جاں کی بازی ہار گئے، پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق متوفی شام کے وقت سڑک کے کنارے سامان سے لدی سائیکل دھکیلتے ہوئے گھر جارہا تھا کہ توازن بگڑنے پر کھلے نالے میں جا گرا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
اہل خانہ کے مطابق کالے خان ولد محمد اسلم منگل کی شام مغرب کی نماز ادا کرنے کے بعد گھر سے روانہ ہوئے تھے، واپسی پراندھیرے اور اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث بچوں نے تلاش شروع کر دی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بزرگ شہری سائیکل پکڑ کرپیدل جارہے تھے کہ اچانک توازن بگڑا اور وہ نالے میں جا گرے، والد کو تلاش کرتے بچوں نے سائیکل سے شناخت کی، بچے بغیر کسی قانونی کارروائی کے لاش ایمبولینس میں ساتھ لےگئے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا حکم
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں متعدد نالے اور گٹر کھلے پڑے ہیں، حفاظتی دیواریں اور رکاوٹیں موجود نہیں ہیں جبکہ رات کے وقت اندھیرے کے باعث سڑک سنسان ہوجاتی ہے اور حادثات معمول بن چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حالیہ دورہ وزیر اعلیٰ کے موقع پر نالوں کو عارضی طور پر پردوں سے ڈھانپ دیا گیا تھا مگر بعد میں دوبارہ لاپرواہی اختیار کر لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں کھلے نالوں اور مین ہولز کے باعث رواں برس ہلاکتوں کی تعداد 24 تک پہنچ چکی ہے جن میں بچیں اور خواتین بھی شامل ہیں، یہ حادثات شہری انتظامیہ کے لیے ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔