پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا حکم
Punjab transport fares
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کے لیے اقدامات کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلال اکبر خان نے متعلقہ حکام کو نظرثانی شدہ کرایہ نامے جاری کرنے کی ہدایت دی ہے اور تمام اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے تاکہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے تمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (آر ٹی ایز) کو کرایوں میں کمی سے متعلق رپورٹس جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونا ایک ہی دن میں فی تولہ 2700 روپے مہنگا

وزیرِ ٹرانسپورٹ نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ مسافروں سے زائد وصول کی گئی رقوم واپس کروائی جائیں۔

بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیزل کی کم قیمتوں کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچائے گی، انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ نرخوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔