سونا ایک ہی دن میں فی تولہ 2700 روپے مہنگا
Gold Price Increase Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) ایک دن کی نمایاں کمی کے بعد ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث خریداروں اور سرمایہ کاروں کی توجہ دوبارہ قیمتی دھاتوں کی جانب مبذول ہو گئی ہے۔

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 2700 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 53 ہزار 562 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا ۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2315 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 88 ہزار 856 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

صرافہ بازاروں میں قیمتوں میں اس اچانک اضافے کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں ملا جلا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جبکہ صارفین تذبذب کا شکار نظر آ رہے ہیں۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی واضح اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ چاندی 290 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 822 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے، جس سے چاندی کے خریداروں پر بھی اضافی مالی بوجھ پڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، شہری پریشان

خیال رہے کہ عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، بین الاقوامی سطح پر فی اونس سونا 27 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 312 ڈالر پر پہنچ گیا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔

اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔