شدید دھند کا راج، موٹروے ایم 3، ایم 4 اور ایم 5 بند
Dense Fog Motorway Closure
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی،جس کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز کو بند کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹروے ایم 3، ایم 4 اور ایم 5 کو مختلف مقامات سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان سنٹرل ریجن موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 خانیوال سے ملتان تک اور شورکوٹ سے عبدالحکیم تک بند کر دی گئی، اسی طرح موٹروے ایم 5 کو ملتان سے روہڑی تک جبکہ موٹروے ایم 3 کو درخانہ سے رجانہ تک ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو جانے کی وجہ سے حادثات کے خدشات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں:ایران اور عراق جانے والے زائرین کیلئے بڑی خوشخبری

ترجمان نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ دھند کے دوران دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک نسبتاً محفوظ سفری اوقات تصور کیے جاتے ہیں۔ مزید برآں ڈرائیورز فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں اور رفتار کو کم رکھیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تازہ ترین صورتحال جاننے کیلئے سفر سے قبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے معلومات حاصل کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔