اپوزیشن اتحاد کی فضل الرحمان کو قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کو قومی مشاورتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کو قومی مشاورتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی۔

ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بتایا کہ اپوزیشن اتحاد کے وفد نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد میں سیکرٹری جنرل اسد قیصر ، تیمور سلیم جھگڑا، شہرام خان تراکئی، حسین احمد یوسفزئی اور خالد یوسف چودھری شامل تھے۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین نے ملک میں موجودہ سیاسی صورت حال، آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور قومی یکجہتی کے اہم مسائل پر جامع تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے ملک کی سالمیت، خوشحالی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، اس موقع پر تحریک کے وفد نے امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کو 20 اور 21 دسمبر کو منعقد ہونے والی قومی مشاورتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھیں: میاں منظور وٹو قضائے الہیٰ سے انتقال کرگئے

یاد رہے گزشتہ دنوں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی سیاسی مفاہمت کے لیے ایک قدم آگے بڑھانے پر تیار ہو گئی، پی ٹی آئی نے پاکستان پیپلز پارٹی سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے پیپلزپارٹی رابطہ کیا جائے گا،پیپلز پارٹی کو دو روزہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نواز کو قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی جا رہی، قومی کانفرنس میں سیاسی ڈائیلاگ کا راستہ نکالنے پر غور کیا جائے گا، حکومت کو مذاکرات کے لئے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت سیاسی رفقاء کی عمران خان سے ملاقات کرانا ہو گی۔