اٹلی پلٹ نوجوان کی شادی پر ڈالر اور درہم نچھاور
اٹلی پلٹ نوجوان ارسلان
اٹلی پلٹ نوجوان ارسلان کی شادی کی تقریب میں ڈالر اور درہم نچھاور کئے گئے/ فائل فوٹو
گوجرانوالہ (ویب ڈیسک): اٹلی پلٹ نوجوان ارسلان کی شادی کی تقریب میں ڈالر اور درہم نچھاور کئے گئے اور ملکی و غیر ملکی کرنسی کی بارش نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔

گوجرانوالہ میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب اس وقت سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید توجہ کا مرکز بن گئی جب ایک اٹلی پلٹ نوجوان کی شادی میں ملکی اور غیر ملکی کرنسی نچھاور کی گئی۔ یہ انوکھا اور چونکا دینے والا واقعہ جی ٹی روڈ پر واقع ایک معروف میرج ہال میں پیش آیا، جہاں دولہا ارسلان کی شادی کی خوشی میں ڈالر، درہم اور پاکستانی کرنسی فضا میں اچھالی جاتی رہی۔

یہ بھی پڑھیں: لاکھوں روپے مالیت کے چلغوزے چوری

ذرائع کے مطابق، شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والے مہمان اس منظر کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ مہنگائی کے اس دور میں، جہاں عام شہری بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی پریشان ہیں، وہاں اس طرح نوٹوں کی بارش نے کئی سوالات کو جنم دیا۔ تقریب کے دوران نہ صرف اسٹیج کے قریب بلکہ میرج ہال کے باہر بھی نوٹ بکھرتے رہے، جسے سمیٹنے کے لیے لوگ مہنگی گاڑیوں پر چڑھتے اور ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرتے دکھائی دیے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈالر اور درہم کے علاوہ بڑی تعداد میں پاکستانی کرنسی کے نوٹ بھی نچھاور کیے گئے۔ شادی کے دوران موسیقی کی آواز اور خوشی کے نعروں کے ساتھ ساتھ کرنسی اچھالنے کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ اس موقع پر کئی افراد نے موبائل فونز کے ذریعے ویڈیوز اور تصاویر بنائیں جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ کچھ صارفین نے اسے دولت کی نمائش اور فضول خرچی قرار دیا جبکہ کئی افراد نے موجودہ معاشی حالات میں اس عمل کو غیر مناسب اور تکلیف دہ کہا۔