عمران خان کی تصویر اصلی؟ علیمہ خان نے بتا دیا
عمران خان کی بہن علیمہ خان
علیمہ خان نے راولپنڈی میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کی/ فائل فوٹو
روالپنڈی: (ویب ڈیسک) عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے سوشل میڈیا پر مبینہ وائرل ہونی والی تصویر کو اصلی قرار دے دیا۔

راولپنڈی میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے سوشل میڈیا پر وائرل تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر آئی ہے، مجھے لگتا ہے وہ تصویر اصل ہے لیکن پرانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تصویر سامنے آئی تو پہلے میں نے بھی اسے دیکھا تو کہا کہ آج کل اے آئی سے بہت سی تصاویر بن جاتی ہیں، لیکن جب میں نے غور سے دیکھا تو میں نے وہ تصویر کسی اور کو بھیجی اور کہا کہ چیک کروائیں کہ آیا یہ اے آئی ہے یا نہیں، کیونکہ یہ عمران خان ہی لگ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

علیمہ خان نے کہا کہ اب مجھے یقین ہے کہ وہ تصویر عمران خان کی ہی ہے۔ یہ قیدِ تنہائی سے پہلے کی تصویر ہے کیونکہ اس میں انہیں کافی پسینہ آیا ہوا ہے، یہ تصویر گرمیوں کی لگتی ہے، سردیوں کی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں میں جھوٹے گواہان پیش کیے جاتے ہیں، منگل کا دن اڈیالہ میں ہماری ملاقات کا دن ہوتا ہے، آج ہماری ملاقات کا دن ہے ہم جائینگے وہاں بیٹھیں گے، جو جو بانی کی رہائی چاہتا ہے وہی ہماری ٹیم کا حصہ ہے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر عمران خان کی ایک مبینہ تصویر سامنے آئی جس میں انہیں بظاہر ورزش کرتے دیکھا گیا۔ جب مبینہ تصویر وائرل ہوئی تو شبہ ظاہر کیا گیا کہ یہ اے آئی سے بنائی گئی تصویر ہے، تاہم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اسے اصلی قرار دیا۔