مولانا عبدالغفور حیدری کی گاڑی کا ٹریفک چالان
Maulana Abdul Ghafoor Haideri
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالغفور حیدری کی گاڑی کا چالان کر دیا۔

واقعہ اسلام آباد ایکسپریس چوک کے قریب پیش آیا، جہاں معمول کی چیکنگ کے دوران ٹریفک پولیس نے گاڑی کو روکا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق اس وقت گاڑی مولانا عبدالغفور حیدری کے صاحبزادے چلا رہے تھے، دورانِ چیکنگ معلوم ہوا کہ ڈرائیور نے سیٹ بیلٹ استعمال نہیں کی ہوئی تھی، جو ٹریفک قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے، اسی بنیاد پر ٹریفک پولیس نے قانون کے مطابق چالان ٹکٹ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سب شہریوں کیلئے یکساں ہے، چاہے وہ عام شہری ہوں یا کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیٹ بیلٹ کا استعمال انتہائی ضروری ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔

یہ بھی پڑھیں:طلبہ میں 7 لاکھ کروم بُکس تقسیم کرنے کا اعلان

 

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے، جہاں صارفین نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے غیر جانبدارانہ رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی اسی صورت ممکن ہے جب بااثر شخصیات کے ساتھ بھی ایک جیسا سلوک کیا جائے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کیلئے ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں، خصوصاً سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو معمول بنائیں۔