پنجاب: پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان
حکومت پنجاب
حکومتِ پنجاب نے شدید سرد موسم کے پیشِ نظر موسمِ سرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
مری (ویب ڈیسک): حکومتِ پنجاب نے شدید سرد موسم اور برفباری کے پیشِ نظر پہاڑی علاقوں مری اور کوٹلی ستیاں میں موسمِ سرما کی طویل چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹیو افسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مری کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مری اور کوٹلی ستیاں کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی چھٹیاں 22 دسمبر سے شروع ہو کر 7 مارچ تک جاری رہیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں علاقوں میں موجود سکول اور کالجز 9 مارچ کو دوبارہ کھلیں گے، جبکہ 8 مارچ کو اتوار ہونے کے باعث تعلیمی سرگرمیاں اس دن شروع نہیں ہوں گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق ان پہاڑی علاقوں میں موسمِ سرما کے دوران شدید سردی، برفباری اور پھسلن کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو جاتے ہیں، جس کے باعث تعلیمی اداروں میں حاضری برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اسی تناظر میں ہر سال کی طرح اس بار بھی طویل سرمائی تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بچوں کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: میٹرک آرٹس والے بھی میڈیکل، انجینئرنگ میں داخلے کے اہل

نوٹیفکیشن میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمِ سرما کی تعطیلات شروع ہونے سے قبل مڈٹرم امتحانات کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ امتحانات کے نتائج کا اعلان چھٹیوں کے آغاز سے پہلے کر دیا جائے تاکہ طلبہ اور والدین کو کسی قسم کی بے یقینی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ سرمائی تعطیلات کے دوران تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی، تاہم اساتذہ کو آئندہ تعلیمی سیشن کی بہتر منصوبہ بندی اور نصاب کی تیاری کا موقع ملے گا۔ والدین نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید سرد موسم میں طویل تعطیلات بچوں کی صحت کے لیے نہایت ضروری ہیں۔

یاد رہے مری اور کوٹلی ستیاں میں ہر سال موسمِ سرما کے دوران شدید برفباری کے باعث سڑکیں بند ہو جاتی ہیں اور آمدورفت میں مشکلات پیش آتی ہیں۔